ایرانی پارلیمانی سکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ دنیا میں پابندیوں اور ناکہ بندیوں کا دور ختم ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر ایک نیا نظام تشکیل پا رہا ہے۔

اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی کا کہنا تھا کہ اب دنیا صرف خاموش تماشائی بننے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دے کر دباؤ کا مقابلہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق امریکی ناکامیوں کے باعث عالمی معاملات میں امریکا کا اثر و رسوخ پہلے کے مقابلے میں کم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں عالمی صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہے، اس کا فیصلہ مستقبل کرے گا۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کو دبانے یا جھکانے کی کوشش کرنے والوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو آسانی سے زیر نہیں کیا جا سکتا۔ ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے اثرات صرف ایرانی عوام تک محدود نہیں رہے بلکہ پوری دنیا نے اس کے نتائج محسوس کیے ہیں۔

امیر حاتمی نے مزید کہا کہ ایران جنگ کے تمام اخراجات تنہا برداشت نہیں کرے گا اور دشمن کی معاونت یا حمایت کرنے والے فریقوں کو بھی اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔