ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدارتی منظوری کے بعد ترکیہ میں اس معاہدے کی آئینی و قانونی توثیق کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جبکہ ترک پارلیمنٹ پہلے ہی 5 نومبر کو اس مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر چکی تھی۔ مزید برآں، ترکیہ کی حکومت سعودی عرب میں اپنی افواج کی تعیناتی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ایک باقاعدہ قرارداد بھی پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ نیٹو کی دوسری بڑی عسکری قوت ترکیہ، عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان اور تیل برآمد کرنے والے کلیدی ملک سعودی عرب کے درمیان یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں برس اگست میں طے پایا تھا۔

دوسری جانب، سعودی عرب کے تحفظ اور حرمین شریفین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ مکہ دفاعی اتحاد کا ایک انتہائی اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ بیٹھک میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت شریک ہوگی۔

مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اس اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس کے دوران اجتماعی دفاعی عہد و پیمان کو عملی جامہ پہنانے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تینوں ممالک کے مابین ممکنہ فوجی تعاون، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور فضائی دفاعی نظام میں اشتراک کار پر بھی تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔