چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے اور خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل جمہوری، آئینی اور سیاسی طریقے سے تلاش کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی محاذ آرائی کے باعث عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے متاثر ہوتے ہیں، اس لیے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ضروری ہے۔ نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت کے ذریعے بھی اسی اصول پر اتفاق کیا تھا کہ سیاسی معاملات کو جمہوری انداز میں حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے اور وسائل کی کمی کے باعث کسی بھی شخص کو علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت انسان کے لیے سزائے موت بن جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی فیز ون منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ ملک کے ہر علاقے میں عوام کو مفت علاج کی سہولت میسر ہو۔ گمبٹ سے کراچی تک گردوں کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ ایس آئی یو ٹی بھی مفت طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ عوام کو اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سیاسی انتقام کے بجائے عوامی مشکلات کے حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ تمام معاملات باہمی مشاورت، رضامندی اور اتفاق رائے سے حل کیے جائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔