انتظامیہ،پولیس سمیت سیکورٹی فورسز نے مثالی اقدامات کیے:رضوان قدیر

ملتان(خصوصی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عام انتخابات کے دوران بھرپور امن و امان کی فضا قائم رہی اور عوام نے پرامن انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا اور کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تمام پولنگ سٹیشنوں پر بھرپور انتظامات کئے گئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عام انتخابات کے موقع پر ضلع کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پولنگ عمل اور انتخابی مراحل کا جائزہ لیا اور بریفننگ لی۔اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گنجان آباد یونین کونسلوں میں پولنگ عملے کو انتخابی عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلع بھر میں انتخابات پرامن بنانے پر تمام انتظامیہ اور پولیس سمیت سیکورٹی فورسز نے مثالی اقدامات کیے جس پر ہر جوان اور اہلکار داد کا مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی پولنگ سٹیشن پر امن و امان کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔قبل ازیں رضوان قدیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم سے پولنگ کی براہ راست مانیٹرنگ کی۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں امن و امان کی صورتحال مانیٹر کی اور عملے سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولنگ سٹیشن میں داخل تمام ووٹرز کو آخری وقت تک ووٹ کاسٹ کرنے دیا گیا جبکہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش رہی۔انتخابی نتائج مرتب کرنے کیلئے عملہ آن لائن سسٹم کے ذریعے منسلک رہا جبکہ پولنگ سٹیشنوں سے بروقت نتائج حاصل کرکے الیکشن کمیشن کو فراہم کئے گئے۔