ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کاملتان کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ

ملتان(خصوصی رپورٹر )عام انتخابات کے موقع پر جنوبی پنجاب میں پولنگ کا عمل بھر پور انداز سے جاری رہا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ملتان کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور کینٹ اور شہر کےعلاقے میں جاری پولنگ کے عمل اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور پولنگ کے عمل بارے دریافت کیا۔شہریوں نے پولنگ کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر پولیس سیکرٹریٹ بھی گئے اور ایڈیشنل آئی جی پولیس ساوتھ پنجاب محمد کامران خان سے ملاقات کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی نے پولنگ ڈے کے موقع امن وامان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے چوک سرور شہیدمیں پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔8فروری کو ہونیوالے انتخابات کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹریٹ ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفر کی ہدایت پر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے تھے۔یہ کنٹرول رومز الیکشن کمیشن اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کی انتظامیہ کے مابین مربوط رابطہ کار کے لئے قائم کئے گئےتھے۔ملتان میں کنٹرول روم سیکشن آفیسر احمدرانا جبکہ بہاولپور میں کنٹرول روم سیکشن آفیسر ریاض احمد خان کی سربراہی میں قائم کیا گیاتھا۔