بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 17 کی مدمقابل اور اداکارہ ایشا مالویہ نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ایشا مالویہ کے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر رہی ہیں۔ شو کی میزبان نے ایشا مالویہ سے سوال کیا کہ اگر آپ کو پاکستان سے ایک پرکشش مسلم ہیرو کے ساتھ ڈرامہ سیریل کی پیشکش کی جائے اور اس ڈرامے کی شوٹنگ دبئی میں ہو، معاوضہ وغیرہ سب طے ہو تو کیا آپ اس پیشکش کو قبول کریں گی؟
اس سوال کا جواب ایشا مالویہ نے بہت پرجوش انداز میں دیتے ہوئے کہا کہ میں انکار نہیں کروں گی لیکن یہ پیشکش ضرور قبول کروں گی کیونکہ میں بھی پاکستانی ڈراموں میں کام کرنا چاہتی ہوں لیکن میری پہلی ترجیح بھارت میں کام کرنا ہوگی۔ بھارتی اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں بھارت میں رہ کر پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کرنا چاہتی ہوں۔ اس سے قبل بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ریم شیخ نے انکشاف کیا تھا کہ وہ مشہور پاکستانی اداکار وہاج علی سے محبت کرتی ہیں اور زندگی میں ایک بار ان سے ملنا چاہتی ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایشا مالویہ جنوری 2024 میں ختم ہونے والے ہندوستانی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 17 میں ایک مدمقابل تھیں۔