تحریک انصاف کا آئندہ 2 ہفتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ دو ہفتوں میں انٹراپارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور پارٹی کا الیکشن کمیشن جلد انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹراپارٹی انتخابات چاروں صوبوں اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا باضابطہ شیڈول پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا، انٹرا پارٹی انتخابات میں پینل وائز امیدوار حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بانی نے عام انتخابات کے باعث انٹرا پارٹی انتخابات روک دیے تھے تاہم ووٹنگ فروری کے آخر یا مارچ کے شروع میں ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو دو بار کالعدم قرار دیا تھا۔ انٹرا پارٹی انتخابات کی منظوری کے بعد تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بطور جماعت حصہ لے سکے گی۔