قائمہ کمیٹی کو دنیا بھر کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ولید اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت خارجہ کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیلوں میں 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں۔ ان میں سے دنیا بھر میں 15 ہزار 587 پاکستانی سزا کاٹ چکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ عالمی عدالتوں میں 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔ پاکستانی مشرق وسطیٰ کے ممالک میں قید ہیں۔ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 706 ہے۔
سعودی عرب کی جیلوں میں 12156 پاکستانی قید ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں قید پاکستانیوں کی تعداد 5292 ہے۔ امریکی جیلوں میں 44 اور برطانوی جیلوں میں 330 پاکستانی قید ہیں۔
چین کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 400 ہے جب کہ یونان میں 811 پاکستانی قید ہیں۔ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدوں کے حوالے سے وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ پاکستان کے 11 ممالک کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے ہیں اور اس کے چین، آذربائیجان، ایران، جنوبی کوریا، سری لنکا کے ساتھ معاہدے ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ اور یو اے ای کے ساتھ بھی معاہدے ہیں۔
کمیٹی نے کہا کہ وزارت داخلہ زنر کی منتقلی کے معاہدے کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے اور وزارت خارجہ 90 دنوں کے اندر یکساں قونصلر سیکیورٹی پالیسی مرتب کرے۔