راولپنڈی کے بعدکمشنرملتان کی نظربندی،اطلاعات سوشل میڈیا پر وائرل

ملتان(خصوصی رپورٹر ) ملتان میں کمشنر کو ہاؤس میں نظر بند اور پریس کلب سیل کرنے کی اطلاعات سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں ، شہری شوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں کی تصدیق کرتے رہے۔اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر ملتان ڈویژن عبدالعامر خٹک کمشنر راولپنڈی لیاقت چھٹہ کی پریس کانفرنس کے بعد سے ملتان کے منظر نامے سے غائب ہیں ، کیونکہ ملتان میں بھی الیکشن نتائج میں دھاندلی کا شور برپا رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی ، ممبر صوبائی اسمبلی ندیم قریشی جو کمشنر ملتان کے انتہائی قریبی حلقوں میں شمار ہوتے ہیں کے حوالے سے عبدالعامر خٹک نے گارنٹی دی تھی کہ وہ جیت کے بعد ان کے کہنے پر سیاسی جماعت تبدیل کر لیں گے مگر وسیم خان بادوزئی گزشتہ چند روز سے منظر سے غائب ہیں اور انھوں نے اپنے موبائل فون بھی بند کر رکھے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سے پیوستہ شب پولیس نے نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا لیکن ان کی غیر موجودگی کے باعث چھاپہ ناکام رہا جسکی تصدیق ملتان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی جو وسیم خان بادوزئی کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں بھی کی تھی ، مذکورہ صورتحال کے نتیجہ میں شکوک وشبہات کو تقویت ملی ہے ۔تاہم دوسری جانب ترجمان کمشنر ہاؤس نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ کمشنر ملتان ڈویژن کو نظر بند کیا گیا ہے وہ گزشتہ روز اپنے آفس میں دفتری امور سرانجام دیتے رہے ہیں سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں من گھڑت اور جھوٹی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، اسی طرح ملتان پریس کلب بھی کھلا ہوا ہے اور اسے کسی نے سیل نہیں کیا، مقامی ہوٹل میں ٹیموں کی موجودگی کے باعث تمام صحافی کارڈیالوجی ہسپتال والے راستے سے باآسانی پریس کلب آ جارہے ہیں، انہیں کوئی روک ٹوک نہیں ہے ۔ ایسی غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھرے جائیں ۔ موجودہ حالات میں تمام پاکستانیوں سے گذارش ہے کہ کسی بھی پروپیگنڈے سے بچیں، بغیر تصدیق کوئی بھی پوسٹ شیئر کرنے سے گریز کریں اور ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں تاکہ ملک مستحکم ہو اور افراتفری ،بے یقینی اور بے چینی کی فضاء قائم نہ ہوسکے ۔اس ضمن میں ترجمان ضلعی پولیس نے وسیم خان بادوزئی کے گھر پر چھاپے کی تردید کی ہے ۔