سی پی پی اے نے نیپرا سے بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست کر دی

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست جمع کرادی. سی پی پی اے کی جانب سے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا کو جمع کرادی گئی ہے، جس میں بجلی کی قیمت میں 7 روپے 13 پیسے اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔ سی پی پی اے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 7 ارب 93 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔
نیپرا سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 23 فروری کو سماعت کرے گی اور اگر اتھارٹی نے منظوری دی تو صارفین پر 66 ارب 77 کروڑ روپے تک کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ اگر درخواست منظور ہوجاتی ہے تو اس کا اطلاق K-Electric کے صارفین پر نہیں ہوگا۔