مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کابورے والا،جہانیاں میں احتجاجی مظاہرہ

بورے والا،جہانیاں(بیٹھک رپورٹر،تحصیل رپورٹر)الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی ورکرز کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ،جعلی مینڈیٹ نامنظور کے نعرے، احتجاجی روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات، تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے سٹی صدر ملک فاروق احمد اعوان کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنان نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا احتجاج میں تحصیل صدر پی ٹی آئی غلام مصطفی بھٹی، سٹی جنرل سیکرٹری سردار راشد عظیم، آئی وائی ڈبلیو کے مرزا امجد نعیم، حسیب الرحمان ایڈووکیٹ، آئی ایس ایف کے صدر رانا محسن علی منہاس، میاں محمد نواز، ساجد اکرم بھٹی اور دیگر راہنماوں نے شرکت کی احتجاجی مظاہرے میں کارکنان نے دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن میں جعلی مینڈیٹ نامنطور ہے پی ٹی آئی کو ملک بھر میں اس دھاندلی کے ذریعے 90جیتی ہوئی سیٹوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں ۔اسی طرح رزلٹ میں تاخیر اور مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف تحصیل جہانیاں کے کارکنوں کی جانب سے کمیٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر انجینئر چوہدری ظفر حیات وڑائچ،ملک عمران ساجد میتلا ایڈووکیٹ،ملک شاہد حسن ٹانوری ایڈووکیٹ،چوہدری ظفر اللہ جٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام تر مشکلات کے باوجود تحریک انصاف کو واضح اور شفاف مینڈیٹ سے نوازاہے۔مقررین نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کے بجائے انتخابی نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔واضح رہے کہ 8فروری کوہونے والے الیکشن کے نتائج میں دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کیا گیا تھا۔