(ملتان ڈویژن) 5463 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل وقت پر شروع ، امن و امان برقرار رہا

ملتان(خصوصی رپورٹر ) ملتان ڈویژن میں عام انتخابات کا پر امن طریقے سے انعقاد ہوا۔ڈویژن بھر کے 5463 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل وقت پر شروع ہوا اور پورے انتخابی عمل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی برقرار رہی۔ ڈویژن میں 16 قومی حلقوں پر 240 امیدواروں،صوبائی 32 حلقوں پر 642 امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا۔ ڈویژن میں اے کیٹگری کے 623,بی کیٹگری کے 1853،سی کیٹگری کے 2987پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے۔5463 پولنگ سٹیشنز،16680 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ۔ 5538 پریزائڈنگ افسران،34667 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران 17334 پولنگ افسران سمیت 57539 افسران جنرل الیکشن میں ڈیوٹی سرانجام دی۔کمشنر آفس،ضلعی انتظامیہ دفاتر میں میں کنٹرول رومز بھی فنکشنل رہے۔ ملتان کے شہری و دیہی حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر انتخابی کیمپ لگائے گئے تھے جہاں امیدواروں کے سپورٹران اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹرز کو قائل کرتے دکھائی دیئے ،بیشتر حلقوں میں آزاد اور مذہبی جماعتوں کے انتخابی کیمپ ویران نظر آئے ۔بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر بلاتعطل انتخابی عمل جاری رہا تاہم بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ نے شفٹوںکی صورت میں ہلکا پھلکا لنچ اور ریفریشمنٹ بھی کی تاہم مجموعی طور پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی تاہم وقت ختم ہونے پر جو لو گ پولنگ اسٹیشن کے اندر تھے انھیں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اضافی وقت بھی دیا گیا ۔ملتان کے پولنگ اسٹیشنوں پر ٹرن آوٹ کے حوالے سے ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ۔ علاوہ ازیں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک ، آر پی او ملتان ریجن کیپٹن ر سہیل چوہدری نے خانیوال، قادر پور راں، ملتان کے پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابی عمل، امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کنٹرول روم کو دورہ کیا اور بریفنگ لی آر پی او ملتان کیپٹن ر سہیل چوہدری نے کہا کہ ڈویژن میں 20 ہزار سے پولیس کی نفری شفاف و پر امن انتخابات کیلئے ڈیوٹی سرانجام دی۔امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس متحرک رہی۔