نئی فلم کی ریلیز سے پہلے ڈھائی گھنٹے تک نہتا ہوں : شاہ رخ خان

اداکار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم کی ریلیز سے قبل ڈھائی گھنٹے تک نہاتے ہیں۔ گزشتہ سال 2023 شاہ رخ خان کے لیے بہت خوش قسمت سال ثابت ہوا، ان کی تین فلمیں ریلیز ہوئیں جو ‘پٹھان’، ‘جوان’ اور ‘ڈنکی’ تھیں، تینوں ہی کامیاب رہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ’ورلڈ گورنمنٹ سمٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جس میں اداکار سے سوالات کیے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا۔ شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں زیادہ تر فلمیں جمعہ کو ریلیز ہوتی ہیں، اس لیے ان کی نئی فلم کی ریلیز سے قبل یعنی جمعرات کو وہ دن میں ڈھائی گھنٹے نہاتے ہیں، یہ عادت انہیں بہت آرام دہ بناتی ہے۔ اپنی فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ فلم ہٹ ہو یا فلاپ، یہ ناظرین پر منحصر ہے۔ سپر اسٹار نے کہا کہ فلموں کی کامیابی اور ناکامی اکثر اداکاروں اور ہدایت کاروں کو حیران کردیتی ہے، کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی فلم پر بہت محنت کرتے ہیں اور وہ فلاپ ہوجاتی ہے۔ جس کہانی کو اداکار اور ہدایت کار خاص طور پر پسند نہیں کرتے وہ سب سے بڑی ہٹ بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی اور کامیابی زندگی کا حصہ ہیں، انسان کو ہمیشہ اپنے لیے دعا کرنی چاہیے اور مستقبل میں بہتر کرنے کے لیے غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔