ملتان ( خصوصی رپورٹر)محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان میں آج ہونے والے عام انتخابات والے دن یعنی آٹھ فروری بروز جمعرات کو ملک کے بیشتر مقامات پر موسم خشک رہے گا۔تفصیلات کے مطابق سیاسی موسم گرم ہے لیکن ملک میں کہیں کہیں سردی اور برف باری بھی ہورہی ہے۔ایسے میں ووٹنگ والے دن موسم بہت اہمیت کا حامل ہوگا، محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات والے دن یعنی آٹھ فروری بروز جمعرات کو ملک کے بیشتر مقامات پر موسم خشک رہے گا۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سات فروری کو مغربی سندھ اور بلوچستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ آٹھ فروری کو ملک کے کئی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، یعنی الیکشن کے روز بارش کے کسی بڑے اسپیل کا امکان نہیں ہے۔دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں بارش اوربرف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورشمالی بلوچستان میں شدید ٹھنڈ نے بسیرا کرلیا۔کالام میں درجہ حرارت منفی چودہ، استورمنفی نو، اسکردومنفی سات، مالم جبہ منفی پانچ، قلات منفی چار اور کوئٹہ میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔