ملتان ( خصوصی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مٹیریل کی پولنگ سٹیشنوں پر ترسیل مکمل کرلی گئی ہے شہریوں کو عام انتخابات کے روز پرامن حق رائے دہی کا ماحول فراہم کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ عام انتخابات کیلئے 262 پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان پبلک سکول میں قائم مرکزی الیکشن آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔الیکشن کمیشن حکام نے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دیڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تمام پولنگ سٹیشن مکمل فعال کرکے عملہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ مرکزی الیکشن آفس سے پریذائیڈنگ آفیسرز کو بیلٹ پیپرز اور پولنگ بوتھ بھی حوالے کردیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات کیلئے گزشتہ رات پولنگ سٹیشنوں پر تمام سامان پہنچایا گیا جس کے بعد عام انتخابات کیلئے پولنگ علی الصبح بروقت شروع کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پریذائیڈنگ آفیسرز کو انتخابی مٹیریل کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری دی گئی ہے جبکہ لاء اینڈ آرڈر کیلئے فول پروف سیکورٹی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نقص امن کے مرتکب امیدواروں اور سپورٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔علاوہ ازیںڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے گزشتہ روز تحصیل جلالپور پیر والہ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ میں انتخابی مٹیریل کی ترسیل کا جائزہ لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد فیاض جتالہ اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ راحیل مرزا نے بریفننگ دیڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے ہدایت کی کہ فوری تمام پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ بوتھ قائم کرکے انتظامات مکمل کئے جائیں 8 فروری کو پریذائیڈنگ آفیسرز علی الصبح پولنگ بروقت پولنگ شروع کرانے کے ذمہ دار ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاک فوج اور سیکورٹی فورسز لاء اینڈ آرڈر کا نفاذ یقینی بنائیں گی جبکہ امیدواروں کے کیمپ پولنگ سٹیشنوں سے مخصوص فاصلے پر قائم ہونگے۔