ملتان ( سپیشل رپورٹر)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ، حملے کے باعث پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے جس کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں 66 لاکھ ایکڑ رقبے پر کاشت گندم کی فصل پر زرد کنگی کا حملہ ہوگیا ہے۔ جس کے باعث پیداوار میں کمی کا خدشہ بڑھ گیا ۔جس سے کسان پریشان ہیں ۔ صوبائی کوآرڈینیٹر آل پاکستان کسان اتحاد پنجاب رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ بیماری کے باعث گندم کا ٹارگٹ متاثر ہو سکتا ہے ۔ کوٹ ادو سے تعلق رکھنے والے معروف کسان فرحان ملک نے بتایا کہ میں نے 5 ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی اس پر کنگی اور جڑی بوٹیوں کے باعث پیداوار کم ہونے کا ڈر ہےبہت پریشان ہیں ہماری سال بھر کی محنت ہے۔ زرعی ماہر اصغر خان چانڈیہ کے مطابق زرد کنگی اور فصل میں موجود جڑی بوٹیوں کے باعث پیداوار میں 42 فیصد تک کمی کا امکان ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں سے زرد کنگی اور جڑی بوٹیوں کے حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیںجس سےپیداوار میں کمی کا خدشہ بھی ہے۔ کسان زرد کنگی کو ٹکڑوں کی صورت میں تلف کریں اگر زیادہ حملہ ہے تو محکمہ زراعت کی جانب سے بتائے گئے اسپرے کا استعمال کر یں۔پنجاب بھر میں 2 کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ بر وقت حفاظتی اقدامات سے ہی مطلوبہ حدف حاصل کیا جاسکتا ہے ۔