ملتان (سپیشل رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان کا کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کے ہمراہ عام انتخابات کے سلسلہ میں ڈی جی خان کےمتعدد پولنگ اسٹیشنز کے وزٹ، سکیورٹی اقدامات اور پولنگ کے عمل کا خصوصی جائزہ۔ تمام تر انتظامات پر اطمینان کا اظہار۔ مرکزی کنٹرول روم کا معائنہ، کنٹرول روم کی ورکنگ کا جائزہ ۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے اورخلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کاروائی کا حکم ۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کے ہمراہ عام انتخا بات 2024کے سلسلہ میں ڈی جی خان کا وزٹ کیا۔ ڈی پی اواحمد محی الدین، ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آر پی او اور کمشنر نے ڈی جی خان میں کامرس کالج، غازی یونیورسٹی، سنٹر آف ایکسیلینس سمیت متعدد پولنگ اسٹیشنز کا وزٹ کر کے سکیورٹی انتظامات، پولنگ کےعمل اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے عمل میں ووٹرز آزادانہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈی جی خان احمد محی الدین کو ہدایات جاری کیں کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لیےکے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ڈیوٹی پر تعینات ملازمان پولنگ کے دوران آنے والے بزرگ اور معذور شہریوں کی مدد کریں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایاجائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ آر پی او کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیس کے 15982 سے زائد افسران و اہلکاران کے ہمراہ رینجرز ،پاک آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارےبھی سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ پولیس پریذائیڈنگ افسران کو سکیورٹی فراہم کرے گی اور انتخابی عمل کے مکمل ہونے اور انتخابی میٹریل کے واپس جمع کرائے جانے تک فرائض سر انجام دے گی۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر امن وامان کے قیام کے حوالہ سے بہترین انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا ان کا کہنا تھاکہ تمام وسائل بروئے کار لا کرانتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنائیں گے ۔ آر پی او اور کمشنر نے انتخابات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس اور پولیس لائنز ڈی جی خان میں قائم کردہ مرکزی کنٹرول روم کا جائزہ بھی لیا ۔کنٹرول روم کی ورکنگ کے حوالے سے آر پی او اور کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ خصوصی طور پر قائم کردہ کنٹرول روم پولنگ کا عمل شروع ہونے سے نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا، کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر ، پولیس، رینجرز اورپاک فوج کے نمائندگان موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ ریجن بھر میں کل4072 پولنگ اسٹیشنز میں حساسیت کے اعتبار سے 539انتہائی حساس اور 854 حساس قرار دیئے گئے ہیں ۔تمام پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔