بہاولپور کو محفوظ بنانے کیلئےسیف سٹی پراجیکٹ جلد مکمل کیا جائے

” ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کی پولیس لائنز بہاولپور آمد،چاک و چوبند دستے کی سلامی”
ملتان(کرائم رپورٹر ) پولیس کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کامران خان کی پولیس لائنز بہاولپور آمد پر آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید اور ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب نے یاد گارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے دعا کی۔ انہوں نے پولیس لائنز میں زیر تعمیر سیف سٹی پروجیکٹ کی بلڈنگ کا بھی دورہ کیا۔آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید نے سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی جس پرانہوں نے ہدایت کی کہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ بہاولپور سٹی کو محفوظ بنایا جاسکے۔وزٹ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کامران خان نے پولیس خدمت مرکز بہاولپور، اسپیشل انیشیٹیوپولیس اسٹیشنز سول لائنز، صدر بہاولپور اور کینٹ کو بھی چیک کیا،اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور عوام کو دی جانے والی بہترین سہولیات پراطمنان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشوں سے پنجاب حکومت نے پنجاب کے تمام تھانوں کو بہترین بلڈنگ،پرانے تھانوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور بہترین سہولیات سے آراستہ کر دیا ہے۔یقینا ان تھانوں کے ماحول اور سہولیات سے عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل رہا ہے،پولیس اور عوام میں دوستانہ ماحول قائم ہو رہا ہے،فری اور فوری ایف آئی کا اندراج ہو رہا ہے اور ایسے معاملات جن میں ایف آئی کی ضرورت نہیں انہیں بھی بہترین طریقہ سے حل کیا جا رہے،ہمارا مقصد جنوبی پنجاب کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب نے ایک سال کے دوران 22ہزار سے زائد پروموشنز کیں جس سے پولیس کے افسران و اہلکاران کا مورال بلند ہوا ہے یہی نہیں آئی جی پنجاب نے نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بھرتی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جس کا پہلا مرحلہ جاری ہے اورپہلا مرحلہ مکمل ہوتے ہی دوسرا مرحلہ شروع کر دیا جائے گا جس کا باقاعدہ شیڈول آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری کیا جا چکا ہے۔پولیس بہت اچھا کام کر رہی ہے میں اپنے پولیس افسران و اہلکاران کو شاباش دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنے کام میں مزید بہتری لا کر عوام کی خدمت کریں گے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب نے قائداعظم سولر پارک کا بھی وزٹ کیا اور سیکیورٹی انتظاما ت کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے ریجنل پولیس آفس بہاولپور میں ڈسٹرکٹ بہاولپور کے ایس پیز اور ڈی ایس پیز اور ٹریفک پولیس سے میٹنگ کی۔ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رائے بابر سعید نے انہیں کمیونٹی پولیسنگ، کرائم،کرائم کنٹرول کے حوالے سے پولیس کی جانب سے اپنائی گئی حکمت عملی،فارنرز کی سیکیورٹی، مساجد امام بارگاہوں اور چرچز کی سیکیورٹی کے بارے میں بتایا۔