ایک ہی چارج پر 100 دن تک موبائل فون استعمال کریں، لیکن کیسے؟

اکثر لوگ اس بات سے پریشان ہوتے ہیں کہ موبائل فون کی بیٹری جلدی ختم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے انہیں سیٹ کو بار بار چارج کرنا پڑتا ہے۔

اس طرح کی ذہنی اذیت سے بچنے کے لیے اکثر موبائل فون استعمال کرنے والے اپنے ساتھ فالتو بیٹری رکھتے ہیں تاکہ ضرورت کے وقت اسے استعمال کیا جا سکے۔

صارفین کی اس پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی بیٹری بنانے والی کمپنی Energizer نے انتہائی طاقتور بیٹری والا فون متعارف کرایا ہے۔

اس موبائل فون کی بیٹری کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیٹری تقریباً 100 دن تک چلے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق Energizer نے اینڈرائیڈ فون کو ورلڈ موبائل کانفرنس میں متعارف کرایا اور کہا کہ طاقتور ترین بیٹری والا فون رواں سال کے آخر تک عام فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

انرجائزر کمپنی دراصل بیٹریاں اور پاور بینک تیار کرتی ہے اور اب اس کمپنی نے 28 ہزار ایم اے ایچ پاور بینک کو اسمارٹ فون میں تبدیل کردیا ہے اور کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ہارڈ کیس P28K نامی فون متعارف کرائے گی۔

مذکورہ فون 87-6 انچ اسکرین، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

فون کی پشت پر تین کیمرے دیئے جائیں گے جن میں سے مین کیمرہ 64 میگا پکسل، دوسرا 20 میگا پکسل اور تیسرا 2 میگا پکسل ہوگا۔

اسی طرح ہارڈ کیس P28K میں 16 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ بھی ہوگا، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فرنٹ کیمرہ کو خاص طور پر ویڈیو کالز کے دوران بہتر معیار کی ٹیکنالوجی کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

فون میں فنگر پرنٹ سینسر اور دیگر سیکیورٹی فیچرز بھی ہوں گے جب کہ یہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم سے چلتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فون کا وزن بھی عام فون سے چار گنا زیادہ یعنی آدھا کلو گرام سے زیادہ ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ہارڈ کیس P28K میں 36 واٹ کے چارجر کے ساتھ 28,000 ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی اور فون کی بیٹری صرف ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل چارج ہو جائے گی۔

کمپنی کے مطابق اگر مذکورہ فون کا استعمال کم رکھا جائے تو اس کی بیٹری 94 دن تک چلے گی اور اگر فون کو مسلسل 24 گھنٹے استعمال کیا جائے تو بھی اس کی بیٹری 5 دن تک چلے گی۔
،