“جشن بہاراں میلہ اورسپورٹس گالاکاافتتاح وی سی ڈاکٹرکلثوم پراچہ نے کیا،سٹالزکاوزٹ بھی کیا”
ملتان(خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ویمن یونیورسٹی ملتان SSDO اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے جشن بہاراں شروع ہوگیا، ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی کے کچہری کیمپس میں موسم بہار کےمناسبت سے جشن بہاراں شروع ہوگیا جس میں روایتی کھانوں کے سٹال، دستکاری اور آرٹ کے سٹال لگائے گئے ہیں جشن بہاراں میلہ اور سپورٹس گالا کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار کا موسم خدا کا دیا ہوا وہ تحفہ ہے، جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے یہ موسم اپنے ساتھ رنگوں کی بارات لے کر آتا ہے، جس کی خوبصورتی سے ہر انسان اپنے اپنے انداز میں لطف اندوز ہوتا ہے۔ طالبات کو روایتی کھیلوں جیسے کرکٹ،رسہ کشی ، بیڈمنٹن اور ثقافتی ٹیبلو کے ساتھ ساتھ سائنس اور پھولوں کی نمائش، مشاعرہ، قوالی اور ورائٹی شو جیسے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ایسی تقریبات کے انعقاد سے طالبات میں خود اعتمادی کی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہے۔ سپورٹس کے طالبات نے مختلف پرفارمنس پیش کی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے تمام سٹالز کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرسپورٹس پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ یونیورسٹی کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے طالبات کھیلوں کے میدانوں کی بجائے سکرین پر زیادہ وقت گزارنے کے رجحان کو چھوڑ دیں معاشرے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جشن بہاراں منانے کا مقصدطالبات کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی اور کردار سازی کو بھی فروغ دینا ہے۔پاپولیشن ویلفیئر آفیسر خضر حیات نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طالبات کی سماجی تربیت کے لیے ضروری ہیں اس موقع پرکنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حنا علی، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مسٹر خضر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر محمد حسن، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر مریم زین سمیت تمام چیئرپرسنز بھی موجود تھیں۔