ملاوٹ شدہ اورمضرصحت خوراک بنانے والوں کیخلاف کارروائی

“پنجاب فوڈاتھارٹی کاایکشن،پاپڑفیکٹریوں،جوس پلانٹ،سنیکس یونٹ کوجرمانے”
ملتان ( خصوصی رپورٹر )ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ملاوٹ شدہ اور مضر صحت خوراک بنانے والوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل زون جلال پور پیر والا میں سنیکس یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ایکسپائرڈ فلیورز اور فنگس زدہ مینگو سلائسز کی ملاوٹ کرنے، آم چور کی ناقص جگہ پر سٹوریج اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ اسی طرح مہندی پور ملتان میں سوہن حلوہ یونٹ کو پیکنگ پر غلط لیبلنگ کرنے، ناقابل سراغ اجزاء کا استعمال کرنے، بہاولپور بائی پاس پر پاپڑ فیکٹری کو پاپڑ کی تیاری میں کھلے رنگ کی ملاوٹ، فوڈ ہینڈلرز کے ٹریننگ سرٹیفکیٹس نہ ہونے، آئل ڈرمز پر لیبلنگ نہ ہونے پر 40، 40 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے۔ اس کے علاؤہ دنیاپور روڈ پر واقع جوس پلانٹ کو مشروبات کی تیاری میں ناقابل سراغ اور کھلے رنگ کا استعمال کرنے، پانی کی تجزیہ رپورٹس نہ ہونے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید پرانا شجاع آباد روڈ اور حامد پور چوک پر 2 ہوٹلوں کو کھانوں میں کھلے اور غیر معیاری اجزاء کا استعمال کرنے، کچن ایریا میں گندگی اور صفائی نہ ہونے پر مجموعی طور پر 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔