باجوڑ میں دھماکے میں اے ایس آئی شہید، ڈی آئی خان حملے میں سی ٹی ڈی اہلکار شہید

“پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔”
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اے ایس آئی شہید جب کہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ ایس پی بخت منیر نے اے ایس آئی بخت زادہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل دھماکے میں زخمی حالت میں دم توڑ گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اے ایس آئی بخت زادہ کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اے ایس آئی بخت زادہ شہید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے زخمی کانسٹیبل احسان اللہ کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع تنگ میں نامعلوم افراد نے تھانہ کورائی کی پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں سی ٹی ڈی اہلکار ظہیر شاہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔