“ملک بھر میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔”
اس موقع پر کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں یوم علی کے مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے روٹ پر تمام دکانیں سیل کر دی گئیں، مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہو گا۔مرکزی جلوس سے قبل جامعہ الحسن ٹرسٹ کے زیراہتمام اہم اجلاس ہوگا جس سے علامہ ریحان حیدر رضوی خطاب کریں گے۔جلوس کے شرکاء محفل شاہ خراسان سے نمائش چورنگی تک پہنچیں گے، دوپہر دو بجے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہر ہوگی جس کے بعد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔مظاہرے کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں یوم علی کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے صبح 10 بجے روانہ ہوگا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آگے بڑھے گا۔ کربلا کا اختتام گیم شاہ پر ہو گا، اس حوالے سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔