کراچی میں 2 ہزار سے زائد موبائل فون چوری کرنے والا ڈاکو گرفتار

“کراچی: مومن آباد پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو فرحان ولد عمر زادہ عادی مجرم اور ڈکیت گینگ کا رکن نکلا۔”
ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو فرحان نے عیدالفطر کے دوسرے روز اورنگی ٹاؤن فٹبال چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران احتجاج کرنے پر خاتون کو ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ ایک ماہ قبل وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سائٹ اے کے علاقے میٹرووال میں واقع بہرام سٹور پر ڈکیتی کی واردات میں بھی ملوث تھا اور سی سی فوٹیج میں نظر آیا تھا۔گزشتہ سال بھی گرفتار ڈاکو نے مزاحمت کرنے پر سوزوکی ڈرائیور کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس نے 2022 سے اب تک اسٹریٹ کرائمز میں 2 ہزار سے زائد موبائل فونز قبضے میں لیے۔اس کے ساتھی عدنان اور فرحان چوری شدہ موبائل خریدتے اور آئی ایم ای آئی نمبر بدل کر فروخت کرتے ہیں جبکہ گرفتار ڈاکو عادی مجرم ہے جس کے خلاف سائٹ اے، مومن آباد اور پیر آباد تھانوں میں ڈکیتی، ماوا ایکٹ، غیر قانونی اسلحہ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ قبضے میں ریکوری اور پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے علاوہ اس گینگ میں باوانی چلی کے رہائشی بلال، رحمان، عدنان اور رحمان شامل ہیں جن کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔