پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خلاف قانون ہو رہا ہے۔ سینیٹ کے 43 نومنتخب ارکان آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد سینیٹ اجلاس سے قبل نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ آرٹیکل 59 اور 60 کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پریزائیڈنگ افسر سے الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کریں گے۔علی ظفر نے کہا کہ اگر پریزائیڈنگ افسر نے مطالبہ نہ مانا تو سیکرٹری سینیٹ کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔منگل کو سینیٹ اجلاس سے قبل سینیٹ سیکریٹری سے ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے سینیٹرز عون عباس بیپی اور شبلی فراز بھی شامل تھے۔ سیکرٹری سینیٹ سے تحریک انصاف کی درخواست پر کارروائی کی استدعا کی گئی۔