مسعود اپیرلز کے 600 ملازمین کا تنخواہوں کے لیے احتجاجی دھرنا
ملتان( خصوصی رپورٹر) انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں ملک کی معروف فیکٹری مسعود اپیرلز کے سینکڑوں مرد و خواتین ملازمین نے تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر چونگی نمبر 9 پر فیکٹری انتظامیہ خواجہ مسعود کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور اس موقع پر غریب کا چولہا جلنے دو،تنخواہیں دو کے نعرے لگائے احتجاجی مظاہرے کی قیادت متاثرہ ملازمین کے رہنماؤں جنید احمد،سہیل،غزالی،مجید،ناصر شریف،سجاد علی،مہرین اسلم،عابدہ پروین،عزرا،شائستہ پروین نے کی مظاہرے کے موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل سٹیٹ میں موجود مسعود اپیرلز فیکٹری میں 6 سو سے زائد غریب ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت پہنچ گئی ہے اور بجلی کے میٹر تک کٹ رہے ہیں۔
جب تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تو مذکورہ فیکٹری انتظامیہ فیکٹری کو تالے لگا کر غائب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مجبورا اج یہاں احتجاج پر مجبور ہیں لیکن فیکٹری انتظامیہ تنخواہیں دینے سے لیت و لعل کا مظاہرہ کر رہی ہے اگر ہمیں تنخواہیں نہ دی گئیں تو غیر معینہ مدت کے لیے مزکورہ مرکزی دفتر کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیں پر مجبور ہو جائیں گے اور عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔
جبکہ مذکورہ فیکٹری کے انتظامی افسر نے غریب ورکرز سے مذاکرات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک ہفتہ سے پہلے تنخواہیں نہیں مل سکتیں اسی لیے وہ ایک ہفتہ تک انتظار کریں کیونکہ فیکٹری کے اعلی افسران نے کہا ہے کہ ملازمین کو ایک ہفتہ کے بعد تنخواہیں ملیں گی تاہم مظاہرین نے احتجاجی دھرنا جاری رکھا اور کہا کہ جب تک انہیں تنخواہیں نہیں مل جاتیں ان کا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں