تجاوزات کیخلاف آپریشن،دوبارہ شیڈ لگانے پرحسین آگاہی میں 15 دکانیں سیل

“ملتان میں تجاوزات مافیا کی دکانیں سیل، ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن”

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) سڑکو ں پر کاروبار کرنے والے تجاوزات مافیا کی 15 دکانیں سیل کردیں گئیں ، ضلعی انتظامیہ و میونسپل کارپوریشن کی نئی حکمت عملی ،سڑکوں پر کاروبار کرنے والے عادی تجاوزات مافیا کی دکانیں سیل کرنے کا فیصلہ ، تجاوزات قائم کرنے سے بازنہ آنے اور شیڈ دوبارہ لگانے کی پاداش میں حسین آگاہی کے علاقے میں 15 دکانیں سیل کردیں گئیں ،اندرون حسین آگاہی میں بھی دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن بھاری سامان قبضہ میں لے لیا گیا ۔
تفصیل کے ملتان کمشنر ملتان و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ و میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عادی تجاوزات مافیا کے خلاف نئی حکمت عملی تشکیل دیدی گئی ہے ،اس ضمن میں شہر میں تجاوزات کے مستقل خاتمہ کیلئے سول کپڑوں میں میونسپل کارپوریشن تعینات کئے گئے ہیں جو تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کریں گے جس کی روشنی میں مذکورہ دکانداروں کی دکانیں سیل کردی جائیں گے ۔
اس حوالے سے مذکورہ نئی حکمت عملی کے تحت گزشتہ روز اے سی سٹی کی سربراہی میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اقبال خان نے سپرٹینڈنٹ ریگولیشن مظہر نواز خان ،سپروائز ملک ارشد پہلوان ،انفوریسمنٹ انسپکٹر منیر احمد و دیگر عملہ کے ہمراہ اندرون و بیرون حسین آگاہی میں خفیہ ویڈیو مانیٹرنگ کے زریعے نشاندہی پر 15 دکانوں کو سیل کردیا ہے۔
جبکہ اندرون و بیرون حسین آگاہی سمیت شہر کے مختلف علاقوں جن میں وہاڑی چوک ،گلشن مارکیٹ ،چونگی نمبر 11،چوک کمہاراں والا،معصوم شاہ روڈ کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 4 ٹرک سامان قبضہ میں لے لیا ،جبکہ بیشتر دکانداروں کو موقع پر بھاری جرمانے بھی کئے گئے ۔
اس موقع پر چیف آفیسر اقبال خان اور سپرٹینڈنٹ مظہر نواز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صاف ستھرا پنجاب مہم کے تحت تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تمام تر آپشنز بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو تجاوزات کا خاتمہ کرکے ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔
انھوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف مہم کی خود مانیٹرنگ کررہی ہیں جبکہ ہماری ٹیمیں بھی فیلڈ میں سرگرم ہیں تاکہ تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہر کا حسن بحال کیا جاسکے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں