پی ایچ اے کے ”کاریگروں“ کی جانب سے نوازے گئے ٹھیکیدارایڈوانس کام مکمل کرنے میں ناکام

پی ایچ اے ملتان میں سرکاری فنڈز کا ضیاع اور نا مکمل منصوبے

ملتان ( خصوصی رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ”کاریگروں“ کی جانب سے من پسند ٹھیکیداروں کو دیئے جانے والے ایڈوانس کام پایہ تکمیل کونہ پہنچ سکے ،سرکاری خزانے کو بے دردی سے نقصان پہنچانے کی روش بھی برقرار ، جناح پارک میں پی ایچ اے کمپلیکس کی تعمیر کے باوجود ایم ڈی اے گیسٹ ہائوس میں کرائے کی بلڈنگ میں قائم پی ایچ اے ہیڈ آفس کی تزہین و آرائش کا ٹینڈر جاری کرکے 76 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جھونک دی گئی ،3 ماہ کا کام 6 ماہ میں بھی مکمل نہ کرایا جاسکا۔
عام خاص باغ اور شاہ شمس پارک کے کام بھی تاحال ادھورے ۔اعلی افسران کو عملی کارکردگی کی بجائے لپ ٹپ سے مطمئن کیا جانے لگا۔ اس ضمن میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ جو قائمقام ڈی جی ملک کریم بخش کی خوشنودی سے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کا عہدہ بھی انجوائے کررہے ہیں نے شعبہ ہارٹیکلچر کے ڈائریکٹر سعد قریشی کی ملی بھگت سے 20 نومبر کو پی ایچ اے ہیڈ آفس کی کرائے کی بلڈنگ کی تزہین وآرائش سمیت عام خاص باغ کی بیوٹیفکیشن اور شاہ شمس پارک میں الیکٹرسٹی ورک سمیت نئے پینچ نصب کرانے کے ٹینڈر اپنےمن پسند ٹھیکیداروں کو آلاٹ کرائے مذکورہ کاموں کی تکمیل کی مدت ٹینڈر نوٹس کے مطابق تین ماہ جبکہ شاہ شمس پارک کی 4 ماہ مقرر کی گئی تھی لیکن 6 ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی مذکورہ کام مکمل نہیں ہوسکے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہےکہ جناح پارک میں کروڑوں روپے کی لاگت سے مستقل ہیڈ آفس قائم کرنے کیلئے پی ایچ اے کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کے باعث کرائے کی بلڈنگ پر لاکھوں روپے خرچ کرنا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے لیکن ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ نے سابق ڈی جی کی ایما ء پر مبینہ طور پر نان شیڈول آئٹمز کے ذریعے مبینہ طورپر کمیشن کھرا کرنے کیلئے ادارے کے 76 لاکھ روپے سے زائد اس فضول خرچی میں جھونک ڈالے گئے ۔
اس ضمن میں عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر ہائوسنگ بلا ل یٰسین ،کمشنر ملتان اور ارباب اختیار سے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ترجمان جلال الدین نے اس حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ مزکورہ پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ٹھیکیداروں کو بروقت ادائیگیاں نہ ہونے سے تاخیر ہوئی انھوں نے مزید کہا کہ جناح پارک میں پی ایچ اے کمپلیکس تکمیل کو ایک سال لگ سکتا ہے جس کے باعث مجبوراً کرائے کی بلڈنگ کی تزئین و آرائش ناگزیر تھی۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں