رمضان پیکج کی رقوم علی حیدر گیلانی کے مبینہ فرنٹ مین احسن مہے کے ذریعے تقسیم کیے جانیکاانکشاف

  • علی حیدر گیلانی اور رمضان پیکج: ملتان میں سیاسی اثر و رسوخ کی کہانی

ملتان (بیٹھک انوسٹیگیشن سیل) سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کے فرزند، ممبر پنجاب اسمبلی و چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی علی حیدر گیلانی کی ایما پر ضلعی انتظامیہ ملتان کا وزیراعلی مریم نواز کے رمضان پیکج کی امدادی رقوم علی حیدر گیلانی کے مبینہ فرنٹ مین ملک احسن مہے کے ذریعے تقسیم کرنے کا انکشاف۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کا ایم پی اے بیٹا اپنے فرنٹ مین کا پورا خیال رکھتا ہے اور فرنٹ مینی کے عوض علاقے کے تمام حکومتی اور سیاسی معاملات ملک احسن مہے کے سپرد کر رکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی نے نہ صرف ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا تمام عملہ ملک احسن مہے کے ماتحت کر رکھا ہے بلکہ علاقے کے سیاسی معاملات بھی اسے سونپ رکھے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حلقے میں ایک طویل عرصے سے سابق وزیراعظم کا سیاسی حلیف مہے خاندان علی حیدر گیلانی کی جانب سے ملک احسن مہے کی بیجا سرپرستی اور انتقامی کاروائیوں سے سخت نالاں ہے اور گیلانی خاندان سے سیاسی طور پر اپنے تعلقات منقطع کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماسوائے ملک احسن مہے کے مہے خاندان کا کوئی بااثر فرد یا گھرانہ سیاسی اور سماجی طور پر گیلانی خاندان سے خاموش علیحدگی اختیار کر چکا ہےانہوں نے بتایا کہ علاقے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے ملک احسن مہے نے علی حیدر گیلانی کو مجبور کر دیا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر رمضان پیکج کے لئے بھیجے جانے والے پے آرڈرز اپنے علاقے کے لوگوں میں وہ خود تقسیم کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ علی حیدر گیلانی جو خود ایک عوامی نمائندہ اور سیاسی شخصیت ہے نے اپنے فرنٹ مین کی خوشنودی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو مجبور کر دیا کہ ملک احسن مہے کے علاقے کے لئے آنے والے پے آرڈرز کی تقسیم ملک احسن مہے کے ذریعے ہی ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت کا پٹواری وسیم بلوچ بستے سمیت ملک احسن مہے کے ڈیرے پر پہنچا جہاں ملک احسن مہے نے مستحقین میں پے آرڈرز تقسیم کئے۔انہوں نے بتایا کہ مستحقین میں امدادی رقوم کی شفاف تقسیم اور ان کی عزت نفس مجروح ہونے سے بچانے کے لئے وزیراعلی مریم نواز نے مستحقین میں پے آرڈرز کی گھر گھر تقسیم کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں انتظامی افسران بشمول کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا گیا تھا کہ پے آرڈرز گھر گھر جا کر مستحقین میں تقسیم کئے جائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں تیرہ مارچ کو وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ نے خصوصی طور پ ملتان کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران سے خصوصی میٹنگ کے دوران مستحقین کے گھروں میں جا کر رمضان نگہبان پیکج کی امدادی رقوم تقسیم کرنے کی ہدایت جاری مگر علی حیدر گیلانی نے ملتان انتظامیہ کو مجبور کر دیا کہ ملک احسن مہے کو چیک تقسیم کرنے دئیے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک احسن مہے نے نہ صرف امداری پے آرڈرز تقسیم کئے بلکہ مستحقین کی عزت نفس مجروح کرنے کے لئے پے ارڈرز وصولی کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک احسن مہے، علی حیدر گیلانی کی اس حد تک مجبوری بن چکا ہے کہ علی حیدر گیلانی اس کے حوالے سے اپنے والد یوسف رضا گیلانی اور اپنے بھائیوں کی بھی نہیں سنتا۔
علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ اس طرز عمل سے نہ صرف مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی بلکہ حکومتی اقدامات پر بھی عوام کا اعتماد کمزور ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی اثرورسوخ کے تحت عوامی فلاح کے منصوبے مخصوص افراد کی تشہیر کا ذریعہ بنیں گے تو عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد مزید متزلزل ہو جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نہ صرف اخلاقی اور انتظامی بدانتظامی کی مثال ہے بلکہ آئندہ الیکشن میں گیلانی خاندان کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔اس سلسلے میں روزنامہ بیٹھک نے جب چیئرمیں پبلک اکاونٹس کمیٹی علی حیدر گیلانی، ملک احسن مہے اور ترجمان پنجاب حکومت کا موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہوا۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں