عید تعطیلات کے بعد کفایت شعاری پالیسی بحال، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات محدود
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کفایت شعاری اقدامات دوبارہ نافذ کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کی تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے پابند ہوں گے۔ یہ احکامات یکم جون 2026 سے تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز اور اسپتالوں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز اپنے معمول کے اوقات کے مطابق خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
اسی طرح ہوٹلوں، تندوروں، کریانہ اسٹورز اور بیکریوں کو رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب میں بھی عیدی رعایت ختم ہونے کے بعد مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے لیے مقررہ اوقاتِ کار دوبارہ نافذ کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یکم جون تک دی گئی خصوصی چھوٹ ختم ہو چکی ہے اور 2 جون سے تمام تجارتی مراکز سابقہ اوقات کے مطابق کام کریں گے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد توانائی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور حکومتی کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.