رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں کی تفصیلات کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع
لاہور میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے انتخابی اور مالی ریکارڈ تک رسائی کے لیے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔درخواست آصف محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس میں ثاقب چدھڑ کے کاغذاتِ نامزدگی اور اثاثوں سے متعلق دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ثاقب چدھڑ کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس نااہلی کی درخواست بھی زیرِ سماعت ہے، لہٰذا ان کی رکنیت سے متعلق معاملات کی جانچ اور حقائق کی تصدیق کے لیے انتخابی ریکارڈ کا معائنہ ضروری ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رکن اسمبلی کے حوالے سے ایک خاتون کو مہنگی گاڑیاں، قیمتی تحائف اور جائیداد بطور تحفہ دینے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ان الزامات کے تناظر میں ان کی مالی حیثیت، اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کا قانونی اور دستاویزی جائزہ لینا عوامی مفاد کا اہم معاملہ قرار دیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ شفافیت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ حقائق کی روشنی میں معاملے کا جائزہ لیا جا سکے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.