شدید گرمی برقرار، 11 جون سے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی

Super Admin


اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر کی متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ 11 جون سے بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ 7 سے 10 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور شمالی پنجاب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ 
وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 اور 12 جون کو اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ 
راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں بھی انہی دنوں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور تھرپارکر سمیت بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 
بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں 11 اور 12 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.