مریم نواز کا تلہ گنگ کو کل سے ضلع بنانے کا اعلان، 2 ارب روپے کے فنڈز دینے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تلہ گنگ کو کل سے باقاعدہ ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تلہ گنگ کے لیے 2 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تلہ گنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کرکے آئی ہوں۔ تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن جھوٹے وعدے کرنے والے پیچھے رہ گئے۔ تاریخ نے ایسے وعدے کرنے والوں کو مٹا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تلہ گنگ میں 300 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ انہوں نے علاقے کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تلہ گنگ کو پہلے کبھی اتنا خوبصورت نہیں دیکھا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی نے تلہ گنگ کے عوام کی خدمت کی ہے۔ علاقے میں پانی کی قلت ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے ٹمن ڈیم مکمل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ڈیم بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تلہ گنگ کے لیے 2 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں اور آئندہ دو سال میں علاقے کی حالت مزید بہتر ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ تلہ گنگ کے عوام کی تقدیر بدل کر جائیں گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.