پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سروسز پر مفت سفر کی سہولت ختم، آج کے بعد کرایہ ادا کرنا ہوگا
پنجاب حکومت نے میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو، الیکٹرک اور گرین بس سروسز پر جاری مفت سفری سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق عوام کو فراہم کی جانے والی مفت سفر کی سہولت آج رات تک برقرار رہے گی، جبکہ 13 جون کے بعد تمام مسافروں کو معمول کے مطابق کرایہ ادا کرکے سفر کرنا ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع سطح تک کمی نہ آنے کے باعث حکومت نے سفری سبسڈی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سہولت اپریل 2026 میں عوامی ریلیف پیکج کے تحت متعارف کرائی گئی تھی اور ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے دی گئی تھی، تاہم بعد میں اس میں توسیع کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں روزانہ تقریباً آٹھ لاکھ مسافر اس مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ صرف اورنج لائن ٹرین پر یومیہ تقریباً دو لاکھ نوے ہزار جبکہ میٹرو بس سروس پر ایک لاکھ سے زائد شہری بلا معاوضہ سفر کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق مفت سفری سہولت کے خاتمے کے بعد تمام ماس ٹرانزٹ سروسز معمول کے کرایہ جاتی نظام کے تحت چلائی جائیں گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.