امریکا۔ایران مفاہمت خوش آئند پیش رفت، پاکستان نے امن کے لیے تاریخی کردار ادا کیا: صدر زرداری
صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران مؤثر، متوازن اور ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور کشیدگی کے بجائے امن، مذاکرات اور تعاون ہی ترقی و خوشحالی کا راستہ ہموار کرتے ہیں، جبکہ تنازعات سے خطے اور عالمی معیشت دونوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
صدر زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تمام فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور کشیدگی میں کمی کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ خطے میں پائیدار امن کی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول اصل ہیرو وہ لوگ ہیں جو جنگوں کا خاتمہ کرتے ہیں، نہ کہ وہ جو تنازعات کو جنم دیتے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ خطے کے ممالک اپنی توانائیاں ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح پر صرف کریں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.