پنجاب میں محرم الحرام سیکیورٹی کے لیے پہلی بار مصنوعی ذہانت کا استعمال
پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی سیکیورٹی پلان متعارف کرا دیا ہے۔حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت حساس جلوسوں اور مجالس کے گزشتہ دس سالہ سیکیورٹی ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔
، جس سے خطرات کا بہتر اندازہ لگانے اور حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جہاں تمام متعلقہ معلومات اور سیکیورٹی ڈیٹا ایک مرکزی نظام کے ذریعے فوری طور پر دستیاب ہوگا۔
پولیس ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کے لیے اے آئی پر مبنی پیشگی وارننگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے، جو مشتبہ سرگرمیوں اور سیکیورٹی خدشات کے بارے میں فوری آگاہی فراہم کرے گا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ دس برس کے واقعاتی ریکارڈ اور سیکیورٹی صورتحال کے تجزیے کی بنیاد پر حساس جلوسوں اور مجالس کی نئی درجہ بندی (گریڈنگ) کی گئی ہے، جبکہ نفری کی تعیناتی اور دیگر حفاظتی فیصلے بھی ڈیٹا پر مبنی حکمتِ عملی کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.