پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 3 جولائی تک متوقع، این ڈی ایم اے نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کر دیا

Super Admin


نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو ممکنہ قدرتی خطرات سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق حالیہ شدید گرمی اور جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ 27 جون سے 3 جولائی 2026 کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے خاص طور پر شمالی علاقوں میں آبی بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر سیاحوں، مسافروں اور مقامی آبادی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گلیشیئرز سے نکلنے والے ندی نالوں، دریا کناروں اور دیگر حساس مقامات سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.