آبنائے ہرمز کی صورتحال، ایران امریکا تکنیکی مذاکرات کے انعقاد پر غیر یقینی برقرار
آبنائے ہرمز سے متعلق کشیدہ صورتحال کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ تکنیکی مذاکرات کے انعقاد پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ فی الحال کل قطر میں دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی طے شدہ پروگرام موجود نہیں۔
ان کے مطابق مذاکرات کا پہلا دور اسی وقت منعقد ہوگا جب حالات سازگار ہوں گے اور تاریخ و مقام پر باہمی اتفاق رائے ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تکنیکی مذاکرات کے حوالے سے قطر کے ساتھ معمول کے مطابق مشاورت جاری ہے، تاہم دوحہ میں کسی متوقع ملاقات سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کی وہ تصدیق نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے حکام کے درمیان کل دوحہ میں ملاقات متوقع ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی صورتحال اور تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان براہِ راست رابطے کے لیے ہاٹ لائن تاحال فعال نہیں ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.