مون سون کا دوسرا طاقتور سلسلہ 19 جولائی سے متوقع، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے طاقتور اسپیل کا آغاز 19 جولائی سے ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 19 سے 23 جولائی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نالہ لئی، مری، گلیات اور دیگر برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے اور طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ کے تحت متعلقہ اداروں، ریسکیو سروسز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں اور حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ سمیت متعدد اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.