پیٹرول پر لیوی اور ٹیکس کے خلاف جماعتِ اسلامی کا 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
جماعتِ اسلامی پاکستان نے پیٹرول پر عائد لیوی اور ٹیکس کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرول پر عائد لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے، جسے جماعتِ اسلامی مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے پرامن انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔انہوں نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر بھی شہر میں پیٹرول لیوی کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج پرامن، منظم اور پُرعزم ہوگا تاکہ عوامی آواز مؤثر انداز میں حکام تک پہنچ سکے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنی گفتگو میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں عوام کے سامنے اختلافات کا تاثر دیتی ہیں، جبکہ حقیقت میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.