توشہ خانہ کے نئے قواعد تیار، تحائف 30 روز میں جمع کرانا لازمی قرار
وفاقی حکومت نے بالآخر توشہ خانہ کے نئے قواعد و ضوابط تیار کر لیے ہیں، جن کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ مجوزہ قواعد کے تحت عوامی عہدیداروں کو ملنے والا ہر تحفہ 30 روز کے اندر توشہ خانہ میں جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق نئے قواعد میں تحائف جمع کرانے، ان کی قیمت کے تعین اور نیلامی سے متعلق طریقہ کار بھی شامل کیا گیا ہے۔ مقررہ مدت میں تحفہ توشہ خانہ میں جمع نہ کرانے کی صورت میں تحفے کی مارکیٹ ویلیو کے پانچ گنا تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر کسی سرکاری ملازم کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تو جرمانے کے علاوہ اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔نئے ضوابط کے تحت توشہ خانہ میں موجود تحائف کو کھلی نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا، جبکہ سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والا کوئی بھی شخص توشہ خانہ سے تحائف حاصل نہیں کر سکے گا۔
حکومت کی جانب سے یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ تحائف کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی ابتدائی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔نئے قواعد کا مقصد سرکاری عہدیداروں کو ملنے والے تحائف کے حوالے سے شفافیت، جوابدہی اور باقاعدہ طریقہ کار کو یقینی بنانا قرار دیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.