آئی ایم ایف مخصوص اوقات میں سستی بجلی کی فراہمی کی اجازت نہیں دے رہا: اویس لغاری
اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پاکستان کو مخصوص اوقات میں صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہا، تاہم اس معاملے پر گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات جاری ہیں۔
اسلام آباد میں بیٹری اسٹوریج فلیکسیبلٹی 2026 کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں وفاقی وزیر توانائی نے ماہرین کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مخصوص اوقات میں کم قیمت بجلی کی فراہمی کی سہولت متعارف کرائی جائے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے ملک میں بجلی کی کھپت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا میں ایک کمپنی نے اس نوعیت کی سہولت متعارف کرا کے بجلی کی فروخت میں نمایاں اضافہ کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی اور مذاکرات کے دوران تمام حقائق سامنے رکھے جائیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا جامع توانائی پلان آئندہ سال اپریل میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اویس لغاری کے مطابق مستقبل میں صارفین دن کے وقت پیدا ہونے والی شمسی توانائی کو بیٹریوں میں محفوظ کرکے رات کے اوقات میں استعمال کر سکیں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.