حج 2027: اخراجات جمع کرانے کا طریقہ کار تبدیل، صرف ایک بینک سے ادائیگی ہوگی
حج 2027 کے لیے سرکاری حج اسکیم کے اخراجات جمع کرانے کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ عازمین حج کو ادائیگی کے لیے 14 مختلف بینکوں کے بجائے صرف ایک بینک کی سہولت دستیاب ہوگی۔ذرائع کے مطابق حج 2027 کے سرکاری اور نجی حج اخراجات کی وصولی کے لیے حبیب بینک کا انتخاب کیا گیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت عازمین حج کو رقم جمع کرانے کے لیے لازمی طور پر بینک برانچ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن بھی ادائیگی کرسکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک برانچ کے ذریعے رقم جمع کرانے کی سہولت بھی صرف حبیب بینک کی برانچز پر دستیاب ہوگی، جس سے عازمین حج کو ادائیگی کے لیے متبادل سہولت بھی میسر رہے گی۔
حج 2027 کے سرکاری اخراجات کی وصولی کے لیے مختلف بینکوں نے اپنی خدمات پیش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، تاہم بینکنگ نیٹ ورک اور فراہم کردہ سہولیات کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بینک کا انتخاب کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
معاہدے کے بعد سرکاری حج اسکیم سے متعلق تمام مالی معاملات کی وصولی اور انتظام اسی بینک کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.