جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے وابستہ ہے: صدر زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی اور قانونی حیثیت میں یکطرفہ تبدیلی کے اقدامات کو سات برس مکمل ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیری آج یومِ استحصالِ کشمیر منا رہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کی استقامت، بہادری اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو سات سال مکمل ہوچکے ہیں، جنہیں پاکستان غیرقانونی اور یکطرفہ قرار دیتا ہے۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.