آئی ایم ایف کی اگلی قسط کا معاملہ، وفد آئندہ ماہ پاکستان پہنچے گا
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، جہاں 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کی آئندہ قسط کے حوالے سے مذاکرات ہوں گے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پیش رفت اور معاملات طے پانے کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہونے کا امکان ہے۔
حکومتی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) پروگرام پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ متعلقہ وزارتوں کو آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مذاکرات کے لیے ضروری تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
آئی ایم ایف مشن کو نئے مالی سال کے بجٹ پر عمل درآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے اہداف کے تحت بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
مذاکرات کے دوران نجکاری پروگرام میں پیش رفت، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی صورتحال سے بھی آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.