فیفا میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور عہدے سے برطرف
انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن (فیفا) میں اندرونی اختلافات اور قیادت پر بڑھتے دباؤ کے درمیان چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) کیون لامور کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔کیون لامور کی برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انہوں نے چند روز قبل فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کے ایک متنازع منصوبے پر تنقید کی تھی۔
اس منصوبے کے تحت فیفا کے بعض ایونٹس کے تجارتی معاملات میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی تجویز زیرِ بحث آئی تھی، جس پر فٹبال کی عالمی برادری میں تحفظات کا اظہار کیا گیا۔دوسری جانب فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کو بھی مختلف عالمی فٹبال تنظیموں کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
حالیہ عرصے میں ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کی تجویز پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور کونکاکاف کے سربراہان نے ایک مشترکہ خط میں فیفا کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تینوں کنفیڈریشنز نے اپنے مؤقف میں کہا کہ فٹبال کی قیادت کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں بلکہ یہ دنیا بھر میں فٹبال سے وابستہ اداروں اور شائقین کی امانت ہے۔مشترکہ خط میں گیانی انفانٹینو کی قیادت پر اعتماد کے بحران کا بھی ذکر کیا گیا، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا کے بعض مقابلوں کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی سامنے آچکی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.