عالمی مارکیٹ میں روزانہ تیل کی قیمتیں تبدیل ہوتی ہیں، میں صرف فیصلے پر عمل کرتا ہوں: وزیر پیٹرولیم
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ان پر روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کرنے پر تنقید کی جاتی ہے، تاہم قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث کرنا پڑتا ہے۔اسلام آباد میں پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ کیے بغیر اور پاور سیکٹر کی طلب میں کمی کے باوجود گردشی قرضے میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ بعض افراد کا مؤقف ہے کہ وہ روزانہ تیل کی قیمتیں تبدیل کرتے ہیں، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں اور وہ صرف عالمی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیا گیا، جبکہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ریفائنری نے بھی تعاون کیا جس سے ڈیزل کی قیمت کم ہوئی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.