حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست، بیرسٹر گوہر کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے اہم ملاقات
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔
، تاہم ان کی اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی۔ ان کے مطابق حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ کیس کی سماعت کل یا پرسوں کی جائے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ رجسٹرار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ درخواست آج ہی چیف جسٹس کے سامنے پیش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب سب کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں کہ آیا عدالت اپنے جاری کردہ حکم پر عملدرآمد یقینی بناتی ہے یا نہیں، کیونکہ سپریم کورٹ کے احکامات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ درخواست میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔
ان کے مطابق عدالتیں ضرورت پڑنے پر رات کے اوقات میں بھی سماعت کر سکتی ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے مزید مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل کو شامل کیا جائے اور ان کے تمام ضروری طبی ٹیسٹ کرائے جائیں۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال کے بجائے پمز منتقل کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.