آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

لاہور ہائیکورٹ کا افغان میڈیکل طلبہ کو بے دخل نہ کرنے کا حکم

Super Admin


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے تمام میڈیکل کالجز کو افغان طلبہ کے خلاف فوری طور پر بے دخلی کی کارروائی سے روک دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم 30 سے زائد افغان طلبہ کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران جاری کیا۔جسٹس خالد اسحاق نے افغان میڈیکل طلبہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ طلبہ کے پاس قیام کے لیے درکار دستاویزات مکمل نہیں ہیں۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے وکیل کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر یہ اصول رائج ہے کہ کسی شخص کو درست ویزے کے بغیر کسی ملک میں قیام کی اجازت نہیں دی جاتی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ جب ان طلبہ کو میڈیکل کالجز میں داخلہ دیا گیا تو انہیں تعلیمی ویزے کس بنیاد پر جاری کیے گئے؟ جسٹس خالد اسحاق نے مزید سوال اٹھایا کہ اگر طلبہ گزشتہ چار سال سے اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں تو اب انہیں واپس بھیجنے کا فیصلہ کس طرح کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف کارروائی سے قبل انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی دیا جانا چاہیے تھا۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے وکیل نے معاملے کو ریاستی سلامتی سے جوڑتے ہوئے امریکا میں ویزا قوانین کی مثال پیش کی اور مؤقف اختیار کیا کہ وہاں بھی درست ویزے کے بغیر کسی شخص کو قیام کی اجازت نہیں ہوتی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پنجاب کے میڈیکل کالجز کو افغان طلبہ کی بے دخلی سے روک دیا۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.