سیلاب کا خدشہ، وزیراعظم کا سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک بحال رکھنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی آمدورفت ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں انہیں ملک میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو بتایا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مون سون کے دوران صورتحال کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے اور ہنگامی موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو بروقت امداد اور ریلیف پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔وزیراعظم نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.